ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سونیا گاندھی کو انکوائری کے نام پر مودی حکومت ہراساں کر رہی ہے: نانا پٹولے

سونیا گاندھی کو انکوائری کے نام پر مودی حکومت ہراساں کر رہی ہے: نانا پٹولے

Mon, 25 Jul 2022 21:06:53    S.O. News Service

ممبئی،25؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکز کی نریندر مودی حکومت اپوزیشن کو ختم کرنے کے لیے تمام سرکاری مشینریوں کا بے دریغ غلط استعمال کر رہی ہے۔ مودی حکومت کی اس جبر کو کانگریس پارٹی ذرا بھی لائق اعتنا نہیں سمجھتی ہے۔ سونیا گاندھی بیمار ہیں اور 70 سال کی عمر میں تفتیش کے نام پر انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ مودی حکومت کی اس آمریت کے خلاف کانگریس پارٹی 26 جولائی کو ایک بار پھر پرامن ستیہ گرہ کے ذریعے اس کارروائی کی مذمت کرے گی۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے دی ہے۔

اس ضمن میں بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ "منگل کو نریندر مودی حکومت کی انتقامی سیاست کے خلاف صبح 10 بجے منترالیہ کے قریب بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے ستیہ گرہ منعقد کیا جائے۔ 21 تاریخ کو سونیا گاندھی کو ای ڈی نے تفتیش کے لیے بلایا تھا، اب انہیں دوبارہ بلایا گیا ہے۔ ممبرپارلیمنٹ راہل گاندھی سے بھی ای ڈی نے پانچ دنوں تک روزانہ 10-10 گھنٹے تک تفتیش کی۔ اس تفتیش سے کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی کچھ حاصل ہوگا۔ ای ڈی کے اہلکار مرکز میں اپنے ’باس‘ کے اشارے پر ناچ رہے ہیں۔ انکوائری کے نام پر اپوزیشن کو ہراساں کرنے کی بی جے پی کی سیاست زیادہ دنوں تک نہیں چلے گی۔"

نانا پٹولے نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی لیکن مرکز میں برسراقتدار آنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت جمہوریت اور آئین کو بالائے طاق رکھ کر اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے ذریعے اپوزیشن کو پریشان کر رہی ہے۔


Share: